گوہاٹی، 14؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے بعد منی پور اور گوا میں آئے نتائج کے بعد کانگریس پارٹی حکومت نہ بنا پانے کی وجہ سے کافی جارحانہ تیور میں ہے۔آسام کے سابق وزیر اعلی ترون گوگو ئی نے منگل کو دونوں ریاستوں میں بڑی پارٹی ہونے کے باوجود کانگریس کو حکومت بنانے کے لیے مدعو نہیں کئے جانے پر اس کو جمہوریت کا سب سے بڑا کرپشن بتایا ہے۔وہیں آسام اسٹیٹ کانگریس کمیٹی (اے پی سی سی )کے صدر رپن بورا نے اس کو جمہوریت کا قتل قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ نچلی سطح کے لیڈروں کی طرف سے نہیں ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سب کچھ بی جے پی کے اعلی سطح کے لیڈر ان (ان کا اشارہ وزیر اعظم اور بی جے پی صدر کی طرف تھا)کے کہنے پر ہو رہا ہے۔ اے پی سی سی صدرنے کہا کہ جو پارٹی بدعنوانی کو ایشو بنا کر اقتدار میں آئی تھی، آج وہ پیسے کے بل پر کانگریس ممبران اسمبلی کو خرید رہی ہے،یہ ایک طرح سے جمہوریت کا قتل ہے۔رپن بورا نے کہا کہ بی جے پی کے ایک لیڈر (آسام حکومت کے وزیر)ڈاکٹر ہمنت بشوشرماکے اشارے پر منی پور کے 5سے 6ممبران اسمبلی کو گوہاٹی کے ایک ہوٹل میں یرغمال بنا کر رکھا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ ان کا اشارہ علاقائی پارٹیوں کے ممبران اسمبلی کی طرف تھا، جن سے کانگریس رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی تھی، لیکن فی الحال ان سے کانگریس کا کوئی رابطہ نہیں ہے، مجموعی طور پر کانگریس دونوں ریاستوں میں حکومت نہ بنا پانے کی وجہ سے بے حد دلبرداشتہ ہے۔